بھٹکل: 20؍جون(ایس اؤ نیوز )بھٹکل میں منگل کومختلف جگہوں پر راہ چلتے لوگوں پر آوارہ کتوں کے حملوں سے 10 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاع کے مطابق مدینہ کالونی میں ایک پاگل کتے نے 5افراد پر حملہ کرتےہوئے انہیں کاٹ کر زخمی کردیا۔ اسی طرح ہیبلے پنچایت حدود میں 2، ہڈین، سرپن کٹا اور بدریہ کالونی میں ایک ایک فرد پر کتوں کے حملوں سے لوگ زخمی ہوئے ہیں۔
بھٹکل سرکاری اسپتال پہنچ کر جن لوگوں نے طبی امداد اور انجکشن وغیرہ لئے ہیں، ان کے نام اس طرح ہیں۔ جیون نائک، محمد ادریس، فردوس بانو، محمد فاروق، فریدہ بانو جالی، کوثر مدینہ کالونی ، محمد ارشاد، محمد انصار اور انجم۔ ان کے علاوہ اگر کسی نے پرائیویٹ اسپتالوں میں پہنچ کر علاج کیا ہے تو اس کی تفصیل معلوم نہیں ہوسکی۔
ایک ہی دن میں مختلف جگہوں پر 10سے زائد افراد پر آوارہ کتوں کے حملوں کے بعد سوشیل میڈیا پر بعض لوگوں کے اوڈیو کلپ وائرل ہونے لگے اور عوام کو کتوں سے ہوشیار اورچوکنا کرنے کی کوشش کی گئی، بعض لوگوں نے کیرالہ کی ایک وڈیو کلپ شئیر کرتے ہوئے اسے بھٹکل کی واردات قرار دینے کی بھی کوشش کی جس میں تین چار کتے ایک معصوم بچی پر ٹوٹ پڑتے ہیں اور نوچ رہے ہیں۔ بہرحال آوارہ کتوں سے نہ صرف بھٹکل بلکہ ملک کے عوام بھی پریشان ہیں، مگر جانوروں کی محبت کے نام پر انسانوں کی جانوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہا ہے جس پر عوام سوال اٹھارہے ہیں۔
بھٹکل میں آوارہ کتوں کی دہشت سے والدین اپنے بچوں کو نماز کے لئے اور شبینہ مکاتب کے لئے روانہ کرنے میں خوف محسوس کررہے ہیں۔ بھٹکل میونسپالٹی اور تعلقہ انتظامیہ ان کتوں پر لگام لگانے کے لئے کس طرح کے اقدامات کرتی ہے یہ دیکھنا اب اہم ہوگا